لاہور(بابر علی) میٹرو پولیٹن کارپوریشن لاہور سمیت صوبہ بھر کی بلدیاتی حکومتیں محکمہ بلدیات کو آمدنی اور اخراجات کی تفصیلات فراہم کرنے سے گریزاں ہیں۔ محکمہ بلدیات پنجاب کی جانب سے تفصیلات حاصل کرنے کے لئے دوبارہ مراسلہ جاری کر دیا گیا ۔ محکمہ بلدیات پنجاب نے 7جنوری کو میٹرو پولیٹن کارپوریشن لاہور، تمام میونسپل کارپوریشنز، ڈسٹرکٹ کونسلز اور میونسپل کمیٹیز سے جولائی 2018 سے دسمبر 2018 تک کی آمدن اور اخراجات کی تفصیلات طلب کی تھیں جو کہ کسی بھی بلدیاتی حکومت نے نہیں بھجوائیں۔ محکمہ نے اب مراسلہ نمبر DG(I&M)-(MONT)G-01/12جارج کیا ہے ۔ مراسلہ میں کہا گیا کہ تمام بلدیاتی حکومتوں نے آمدنی اور اخراجات کی تفصیلات نہیں بھجوائی، ایک ہفتے تک تفصیلات کی فراہمی یقینی بنائی جائے ۔ مراسلہ کے تحت بس اڈوں کے ٹھیکوں، جائیدادوں کے کرایہ و لیز، پارکنگ فیس، پرمٹ فیس، کنورژن فیس ،بلڈنگ پلان فیس، تشہیر پر ٹیکس وغیرہ سے ہونے والی آمدنی کی تفصیلات طلب کی گئی ہیں۔ مزید برآں تہوار منانے ، سستے بازاروں کے قیام، سٹریٹ لائٹس، گاڑیوں کی مرمت و پٹرول اور ترقیاتی سکیموں پر ہونے والے اخراجات کی تفصیلات طلب کی گئی ہیں۔